مدینہ منورہ میں پچھلے سال خودکش دھماکے کے الزام میں 46 افراد گرفتار

ریاض(آن لائن) سعودی سکیورٹی فورسز نے گزشتہ سال سعودی عرب کے شہر مدینہ میں مسجد نبوی کے باہر ہونے والے حملے میں ملوث دہشتگردوں کے نیٹ ورک سے تعلقات کے شبے میں 46 افراد کو گرفتار کرلیا۔سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان میجر جنرل منصور الترکی کا کہنا تھا کہ جدہ میں امریکی قونصلیٹ کے نزدیک ہونے والے خودکش دھماکے کے پیچھے بھی یہ ہی گروہ ملوث تھا۔واضح رہے کہ یہ دونوں حملے گذشتہ سال جولائی میں رمضان کے آخری دنوں میں رونما ہوئے تھے جبکہ مسجد نبوی کے باہر ہونے والے دھماکے میں 4 سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔صحافیوں سے بات چیت میں ترجمان سعودی وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ گرفتار افراد میں سے 32 سعودی شہری ہیں جبکہ دیگر 14 افراد کا تعلق مصر، پاکستان، یمن، افغانستان، سوڈان اور اردن سے ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل سعودی وزارت سے مدینہ میں دھماکا کرنے والے شخص کی شناخت سعودی شہری کی تھی جبکہ جدہ میں دھماکا کرنے والے شخص کو پاکستان کا شہری بتایا گیا تھا۔

Tags: , , , , , , , , ,