گھریلوں نسخوں سے چیونٹیوں کو دور بھگائیں

موسم گرما کے آغاز کے ساتھ ہی چیونٹیاں گھر میں ہر جگہ دوڑتی نظر آنے لگتی ہیں اور کئی بار کافی بڑا مسئلہ بھی بن جاتی ہیں۔

تاہم کیا آپ کو معلوم ہے کہ گھر میں موجود چند معمولی چیزوں سے آپ چیونٹیوں کے مسئلے پر قابو پاسکتے ہیں ؟

جی ہاں واقعی چند گھریلو نسخے ایسے ہیں جن کی مدد سے آپ چیونٹیوں سے نجات پاسکتے ہیں۔

آٹا
اپنے کچن کی الماریوں اور گھر میں جہاں بھی چیونٹیاں نظر آتی ہیں وہاں آٹے کی کچھ مقدار کو ایک لائن کی شکل میں چھڑک دیں۔ آٹے سے دور بھاگنے والی چیونٹیاں اس لائن کو عبور نہیں کرسکیں گی۔

لیموں بھی بہترین
آپ کو مہنگے اسپرے کی ضرورت نہیں جو چیونٹیوں کو کچن سے دور رکھ سکے۔ سب سے پہلے تو لیموں کا عرق کچھ مقدار میں فرش پر دہلیز کے مقام پر اور کھڑکیوں پر چھڑک دیں، اس کے بعد ایسے کسی سوراخ یا دراڑ میں اس عرق کو ڈالیں جہاں سے چیونٹیاں آتی ہوں۔ آخر میں لیموں کے چھلکے کے چھوٹے ٹکڑے کرکے بیرونی دروازے کے گرد رکھ دیں، چیونٹیاں دور ہوجائیں گی۔ لیموں لال بیگ اور پسو وغیرہ کے لیے بھی کارآمد ثابت ہوتا ہے، سب سے پہلے چار لیموں کا عرق چھلکوں سمیت 2 لیٹر پانی میں مکس کریں اور پھر فرش کو اس سے دھولیں اور پھر آپ خود لال بیگوں کووہاں سے بھاگتے ہوئے دیکھیں گے کیونکہ انہیں اس کی خوشبو سے نفرت ہے۔

مالٹے
اپنے باغ ، صحن اور گھر کے مختلف حصوں سے چیونٹیوں کو دور بھگانے کے لیے مالٹے کے چھلکوں کو بلینڈر میں پیس لیں اور پھر ایک کپ گرم پانی میں ملالیں۔ اس سلوشن کو متاثرہ جگہوں پر چھڑکیں اور چیونٹیوں سے نجات پالیں۔

مرچیں
گرمیوں میں چیونٹیاں اکثر چینی کی تلاش کرتی ہیں تو انہیں مرچوں کا مزہ دیں۔ پسی ہوئی سرخ مرچ کو ان جگہوں پر چھڑکیں جہاں چیونٹیاں بہت زیادہ آتی ہو، اگر آپ چیونٹیوں کا بل گھر کے بہت قریب نظر آئے تو سرخ مرچوں کو اس میں کچھ مقدار میں ڈال دیں، وہ غائب ہوجائیں گی۔

نمک
اگر گھر میں ہر جگہ چیونٹیاں نظر آرہی ہیں تو نمک کو ان کی گزرگاہوں پر چھڑک دیں، چیونٹیاں اس رکاوٹ کو عبور کرنے کی ہمت نہیں کرسکیں گی۔

ٹالکم پاﺅڈر
چیونٹیوں کو بھگانے کے لیے ٹالکم پاﺅڈر کو گھر کے کونوں اور داخلی مقامات جیسے دروازوں اور کھڑکیوں میں چھڑک دیں۔

سرکہ
پانی اور سفید سرکے کی یکساں مقدار کو ایک اسپرے بوتل میں ملائیں، پھر اس کو ان حصوں پر چھڑکیں جہاں آپ نے چیونٹیوں کو بہت زیادہ دیکھا ہو۔ اس کیڑے کو سرکے کی مہک سے نفرت ہوتی ہے تو وہ گھر سے نکل جاتی ہیں۔

Tags: , , ,